پاکستان
14 جون ، 2013

کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کاگنداکھیل پھرشروع کردیاگیا،الطاف حسین

 کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کاگنداکھیل پھرشروع کردیاگیا،الطاف حسین

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کاگنداکھیل ایک بارپھرشروع کردیاگیاہے۔ میں ارباب اختیارسے مطالبہ کرتاہوں کہ وہ اس امرکی تحقیقات کرائیں کہ یہ گندا کھیل کون کھیل رہاہے اوروہ کون لوگ ہیں جویہ غیرقانونی ، غیرآئینی وغیرانسانی عمل کرکے ملکی سلامتی سے کھیل رہے ہیں۔انھوں نے یہ بات جمعہ کی سہ پہر ایم کیوایم کے اراکین سینیٹ، قومی وصوبائی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بجٹ 2013-14ء کاجائزہ لینے کیلئے بلائے گئے اس اجلاس میں رابطہ کمیٹی پاکستان کے ساتھ ساتھ لندن کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے بھی بذریعہ وڈیولنک شرکت کی ۔ الطا ف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ایک نظریاتی تحریک ہے جوذاتی مفاد ات کے حصول کیلئے نہیں بلکہ عوام کی اجتماعی فلاح وبہبود کیلئے قائم کی گئی ہے ،اس میں جرائم پیشہ افرادکیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے ،نہ ہی ایسے افرادکیلئے کوئی جگہ ہے جوغیرقانونی طریقوں سے دولت حاصل کرناچاہتے ہیں، ایم کیوایم میری ذاتی جاگیرنہیں بلکہ عوامی امانت ہے جس کامقصد عوام کی بے لوث خدمت کرناہے۔جولوگ ایم کیوایم کے نظم وضبط میں رہتے ہوئے عوام کی بے غرض خدمت کیلئے تیارہیں وہ اس قافلہ کے ساتھ چلتے رہیں اورجو ایسا نہیں کرسکتے وہ اپنے راستے الگ کرسکتے ہیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ ہماری تحریک پر آج ایک بارپھرکڑاوقت آن پڑاہے ۔ایک طرف کراچی میں سرکاری اہلکارمختلف علاقوں کے محاصرے کرکے اوراندھادھندچھاپے مارکرایم کیو ایم کے معصوم وبے گناہ کارکنوں اورہمدردوں کوگرفتار کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کوگرفتارکرکے نامعلوم مقامات پر منتقل کیاجارہاہے جہاں انکی گرفتاری ظاہر کئے بغیر ان پرہفتوں اورمہینوں وحشیانہ تشد دکیاجاتاہے اوران کاماورائے عدالت قتل کیاجارہاہے، جن ریاستوں میں بے گناہوں کوانصاف فراہم کرنے کے بجائے ان کاماورائے عدالت قتل کیاجاتاہے اوربے گناہوں پر ظلم کیاجاتاہے وہ ریاستیں مٹ جایاکرتی ہیں۔ الطا ف حسین نے ارکان پارلیمنٹ سے کہاکہ وہ قومی بجٹ کے مختلف پہلووٴں کاتفصیلی جائزہ لیں اور عوام کے مسائل حل کرانے کے لیے اقدامات کریں، ایم کیوایم عوام کی جماعت ہے اوراسے ہر صورت میں عوام کے مفاد کوپیش نظررکھناہے ۔ دریں الطاف حسین نے گلشن معماراسکیم 33کے کارکن شاہ رخ ندیم کی المناک شہادت پردلی رنج وغم اورافسوس کااظہارکیا ہے۔ایک تعزیتی بیان میں انھوں نے شاہ رخ ندیم کے تمام سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی اورکہاکہ دکھ اورافسوس کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔


مزید خبریں :