15 جون ، 2013
لندن … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کوئٹہ میں بولان میڈیکل کمپلیکس میں دہشت گردوں کے حملے میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، نرسوں، پولیس اہلکاروں اور دیگر شہریوں کے قتل کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ مسلح دہشت گردوں کی جانب سے بولان میڈیکل کمپلیکس میں ڈاکٹروں اور نرسوں کو یرغمال بنانے اور فائرنگ کرکے انہیں ہلاک و زخمی کرنے کا عمل کھلی دہشت گردی اور بزدلانہ عمل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے گھناوٴنے مقاصد کی تکمیل کیلئے عوامی خدمت پر مامور ڈاکٹروں ، نرسوں اورنہتے شہریوں کو خاک وخون میں نہلانے والے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں اور ایسے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق قرار نہیں دیئے جاسکتے۔ الطاف حسین نے بولان میڈیکل کمپلیکس میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں ایم کیو ایم کے تمام کارکنان ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلدصحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔