15 جون ، 2013
اسلام آباد…زیارت ریزیڈنسی اور کوئٹہ ویمن یونیورسٹی اور بولان میڈیکل کمپلیکس دھماکوں کی سیاستدانوں سمیت زندگی کے ہر شعبے کی شخصیات نے شدید مذمت کی ہے اور یونیورسٹی طالبات کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے ،گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے اپنے بیان میں زیارت اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات کو بزدلانہ کارروائیاں قرار دیا ،وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ زیارت ریزیڈنسی پر دھماکا ملک کی نظریاتی اساس پر حملہ ہے،طالبات کی بس میں دھماکا کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی نے دھماکوں کو غیرانسانی کارروائیاں قرار دیا ،ان کا کہنا تھا کہ زیارت ریزیڈنسی اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے مرتکب عناصر اپنے کیے ضرور سزا پائیں گے ،جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن اور سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد معصوم بچوں اور خواتین کی زندگیاں ختم کر کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے،پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ پاکستانی معاشرہ انتہاپسندی کی آگ میں جل رہا ہے ،مسلم لیگ ہم خیال کے رہنما ہمایوں اختر خان نے دھماکوں کی شدید مذمت کی اور طالبات کی شہادت پر گہرے غم کا اظہار کیا ۔