15 جون ، 2013
برمنگھم … چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو ڈک ورتھ اینڈ لوئنس میتھوڈ کے تحت 8 وکٹ سے شکست دے دی، قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں کوئی کا میابی حاصل نہیں کرسکا۔ ایجبسٹن برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں بارش بار بار دخل دیتی رہی تاہم پاکستان شکست سے نہ بچ سکا، بھارت کے سامنے پاکستانی ٹیم بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں ناکام رہی، ڈک ورتھ لوئس میتھوڈ کے تحت بھارت کو جیت کیلئے 22 اوورز میں 102 رنز کا ہدف دیا گیا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ بھارت کی جانب سے شیکھر دھون 48 رنز بنا کر نمایاں کھلاڑی رہے جبکہ روہت شرما 18 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ ویرات کوہلی 22 اور دنیش کارتھک 11 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ لی۔ چیمپئنز ٹرافی کے آخری ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم نے انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنے تینوں گروپ میچوں میں شکست سے دوچار رہا، قومی ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 2 وکٹوں اور جنوبی افریقا سے 67 رنز کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، قومی ٹیم ایک بار بھی مجموعی طور پر 200 کا ہندسہ عبور نہ کرسکی۔ عالمی مقابلوں کے اس فارمیٹ میں آج سے قبل ہونے والے دونوں مقابلوں میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی تاہم آخری میچ میں قومی ٹیم کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔