پاکستان
16 جون ، 2013

پیپلزپارٹی کی حکومت میں شمولیت کی دعوت،ایم کیو ایم نے وقت مانگ لیا

پیپلزپارٹی کی حکومت میں شمولیت کی دعوت،ایم کیو ایم نے وقت مانگ لیا

کراچی…پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو حکومت سندھ میں شمولیت کی دعوت دی ہے ،جبکہ ایم کیو ایم نے اس حوالے سے رابطہ کمیٹی اور کارکنان سے مشاورت کے لئے وقت مانگ لیا ہے۔رحمان ملک کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر ملاقات کی ملاقات کے بعد رحمان ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا رابطہ کمیٹی کیلئے پیغام لائے ہیں کہ آئیں مل کر سندھ کی خدمت کریں،ملک کے جو حالات ہیں اس میں ہم محاذآرائی کے متحمل نہیں ہوسکتے،پیپلز پارٹی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے راہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات میں ملک بھر کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہو ئی ،ہم نے صدر زرداری سے لاپتا کارکنوں کی جانیں بچانے کی اپیل کی ہے اور اپنے8 لاپتا کارکنوں کا معاملہ اٹھایا ہے،خالد مقبول صدیقی نے بلوچستان میں کل پیش آنے والے واقعات پر تشویش کابھی اظہار کیا۔ مخدوم جمیل الزماں کا کہنا ہے ایم کیو ایم کو پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر سندھ میں کام کرنا چاہیے۔پیپلز پارٹی کے وفد کے رکن پیر مظہرالحق نے کہا سندھ میں بھائی چارے کی فضا برقراررکھنا چاہتے ہیں،مل کر ہی تشدد اور بے امنی پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔سندھ کو اتحاد کی ضرورت پہلے سے بھی زیادہ ہے،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے نظریات تقریباً ایک ہی ہیں۔

مزید خبریں :