11 مارچ ، 2012
پشاور …پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں خودکش حملے میں15فراد جاں بحق اور30 سے زیادہ افرادزخمی ہوگئے۔ دھماکہ نماز جنازہ کے اجتماع میں کیا گیا۔ پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیرمیں خودکش حملہ اس وقت کیا گیا جب ایک مقامی خاتون کی تدفین کی جا رہی تھی۔ ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی خوشدل خان بھی نماز جنازہ میں شریک تھے۔ نماز کے بعد میت تدفین کے لئے جونہی اٹھائی گئی جنازہ گاہ میں دھماکہ ہوا جس سے انسانی اعضاء ہر طرف بکھر گئے۔ دھماکے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچیں اور امدای کاروائیوں کا آغاز کیا گیا۔ دھماکے میں 15 افراد جاں بحق اور30 سے زائد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچایا جہاں 5 کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ خود کش تھا۔ جس میں 8 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی جگہ سے خود کش جیکٹ کے ٹکڑے اور بال بیرنگزاور خود کش حملہ آور کے جسمانی اعضاء بھی ملے ہیں۔اس سے قبل پشاور کے نواحی علاقہ ادیزئی میں بھی ایک خاتون کی نماز جنازہ کے دوران دھماکہ کیاگیا تھا۔ جس میں چالیس سے زائد افراد لقمہ اجل بنے۔ صوبائی حکومت نے بڈھ بیر دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کوتین لاکھ اور زخمیو ں کیلئے ایک، ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔