19 جون ، 2013
برلن … امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کیلئے افغان حکومت کو طالبان سے مذاکرات ضرورکرنا چاہئے، افغان امن مذاکرات تمام مشکلات اور چیلنجز کے باوجود جاری رہیں گے، گوانتانامو بے قید خانے کی بندش کیلئے پر عزم ہیں۔ جرمنی کے دورے پرآئے ہوئے امریکی صدربارک اوباما نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل کے شروع میں مشکلات متوقع ہیں افغان فورسز کی جانب سے افغانستان کی سیکیورٹی سنبھالنے سے متعلق حامد کرزئی کا بیان خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان جنگ خاتمے کے قریب ہے، گوانتانامو بے قید خانے کی بندش کیلئے پر عزم ہیں۔ صدر اوباما کا کہنا تھا کہ شام میں جاری پرتشدد واقعات کا فوری خاتمہ ہونا چاہئے۔ صدر اوباما نے بتایا کہ خفیہ ڈیٹا کی نگرانی سے 50 سے زائد دہشت گردی کے منصوبے ناکام بنادیئے گئے۔ امریکی صدر نے واضح کیا کہ امریکی خفیہ ادارے امریکی اور یورپین ای میلز کی نگرانی نہیں کر رہے۔