11 مارچ ، 2012
کراچی…معروف ٹی وی فنکارہ طاہرہ واسطی اتوار کو انتقال کرگئیں،انکی عمر 68برس تھی۔یاد رہے کہگزشتہ بر س مرحومہ کے شوہر رضوان واسطی کا انتقال ہوگیا تھا، وہ بھی اپنے عہد کے معروف ٹی وی اداکار اور انگلش نیوز کاسٹر تھے،رضوان واسطی کے انتقال کے بعد طاہرہ واسطی تقریباً تارک الدنیا ہوگئی تھیں اور افسردہ رہا کرتی تھیں۔مرحومہ کی ایک صاحبزادی لیلیٰ واسطی بھی ٹیلی ویژن کے لیے کام کرچکی ہیں۔دریں اثناء مرحومہ کے صاحبزادے عدنان واسطی نے بتایا کہ مرحومہ کو عارضہ قلب اور شوگر لاحق تھا۔طاہرہ واسطی 1980اور1990کے عشرے میں ٹیلیویژن کی صف اول کی اداکارہ شمار ہوتی تھیں اور اس دور میں انھوں نے کئی مشہور ڈراموں میں کام کیا تاہم ڈرامہ سیریل افشاں کی یہودی تاجر کی بیٹی اور آخری چٹان میں قشتالیہ کی ملکہ ازابیل کے کرداروں نے انھیں امر کردیا تھا۔