20 جون ، 2013
اسلام آباد … ارکان سینیٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت طالبان امریکا مذاکرات میں ایوان کو فوری اعتماد میں لے۔ قائد ایوان راجا ظفر الحق کہتے ہیں کہ مذاکرات میں ابھی پیشرفت جاری ہے، تھوڑی محتاط پالیسی اپنانا چاہتے ہیں، چیزیں واضح ہونے پر ایوان کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے راجا ظفر الحق کا کہنا تھا کہ امریکا طالبان مذاکرات میں چیزیں واضح ہونے پر ایوان کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ اخبارات میں واضح طورپر خبریں آ چکی ہیں کہ بیک چینل مذاکرات ہوئے، آرمی چیف اور جان کیری کے درمیان بات چیت ہوئی ہے۔ رضا ربانی نے کہا کہ دفتر خارجہ کے بیوروکریٹ مشیر نے ایوان کو بریفنگ دینے کے معاملے پر راجا ظفر الحق کو انکار کردیا ہے۔ بجلی نرخوں میں اضافے کیخلاف اپوزیشن ارکان نے ایوان سے علامتی واک آوٴٹ کیا۔ رضا ربانی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے حکومت بجلی کے نرخوں میں 70 فیصد اضافہ کرنے جا رہی ہے۔