12 مارچ ، 2012
اسلام آباد … صدر مملکت کی طرف سے طلب کردہ سینیٹ کے نئے پارلیمانی سال کے آج ہونے والے پہلے اجلاس میں 54 نومنتخب سینیٹرز 6 سال کی مدت کیلئے حلف اٹھائیں گے۔اجلاس کی صدارت پریذائیڈنگ آفیسر افراسیاب خٹک کریں گے اور نئے چیئرمین کا انتخاب کرائیں گے۔ نیئر بخاری اورصابر بلوچ کے بلامقابلہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کاامکان ہے۔بتایا جاتا ہے کہ آج صبح 10 بجے شروع ہونے والے سینیٹ اجلاس کی صدارت پریذائیڈنگ آفیسر افراسیاب خٹک کریں گے جو نومنتخب سینیٹرز سے حلف لیں گے اس کے بعد کچھ وقت کیلئے وقفہ کر دیا جائے گا جس میں چیئرمین سینیٹ و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ پریذائیڈنگ آفیسر چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کرائیں گے اور منتخب ہونے والے چیئرمین سینیٹ سے حلف لیں گے نومنتخب چیئرمین حلف اٹھانے کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کرائیں گے اور منتخب ہونے والے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے حلف لیں گے، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں کامیابی کیلئے 53 ممبران کی ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی ایوان بالا کی واحد اکثریتی جماعت ہے جس کے ممبران کی تعداد 41 ہے۔ ذرائع کے مطابق سینیٹ میں اتحادی جماعتوں کی طرف سے نامزد کردہ چیئرمین سینیٹ کیلئے نیئر حسین بخاری اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے صابر بلوچ کے بلامقابلہ منتخب ہونے کے قوی امکان ہے اسکے بعد اجلاس ملتوی کر دیا جائے گا۔