پاکستان
24 جون ، 2013

آرٹیکل 6 کے تحت سب کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، اعجاز الحق

آرٹیکل 6 کے تحت سب کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، اعجاز الحق

اسلام آباد … مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے کہا کہ آرٹیکل 6 کے تحت جو بھی غداری کا مرتکب ہوا سب کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، 12 اکتوبر کے اقدام کو 18 ویں تر میم کے تحت کالعدم قرار دے دیا گیا اب حکومت خود فیصلہ کرے۔ انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی حمود الرحمن کمیشن رپورٹ کو اس لئے منظر عام پر نہیں آنے دیتی کہ سقوط ڈھاکہ میں اس کی قیادت ملوث تھی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کا مستقبل روشن نہیں ہے، آرٹیکل 6 کے تحت جو شخص آئین توڑنے کا مرتکب ہوا ان کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ حکومت کہتی کہ 12 اکتوبر کے اقدام کو 18 ویں ترمیم کے تحت کالعدم قرار دے دیا گیا، اگر یہ صحیح ہے تو حکومت خود فیصلہ کر کے مشرف سمیت ان تمام افراد کیخلاف کارروائی کرے جو آئین توڑنے اور ان کو تحفظ دینے میں ملوث رہے۔ انہوں نے کہا کہ گڑے مردے اکھاڑنے سے ایک پنڈورا بکس کھلے گا۔ سول مارشل لاء لگانے والوں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں آنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں جو چاہا کیا اب دوسروں کو تحمل سے برداشت کرے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت آئین اور قانون کی پیروی کرے گی تو ہم اس کا ساتھ دینگے۔

مزید خبریں :