24 جون ، 2013
کراچی…سندھ اسمبلی میں سیلزٹیکس وصولی کا اختیار صوبوں کو دینے ،ساجد قریشی کے قاتلوں کی گرفتاری اوربے نظیربھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد یں متفقہ طورپرمنظورکرلی گئیں ۔ سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے اکن جام خان شورو نے سیلزٹیکس وفاقی حکومت کو منتقل کرنے کے خلاف قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اٹھارہویں ترمیم کے تحت خدمات پر سیلزٹیکس کی وصولی کا اختیارصوبوں کو دیا جائے۔مسلم لیگ ن کے رکن عرفان اللہ مروت نے قرارداد پیش کرنے کے طریقہ کارکی مخالفت کی۔ ایم کیو ایم کے خالد احمد نے ساجد قریشی اوران کے بیٹے کے قاتلوں کی گرفتاری جبکہ پیپلزپارٹی کی شرمیلافاروقی نے بینظیربھٹو کی جمہوریت کے لئے خدمات پر خراج عقیدت کی قرارداد پیش کی،تمام قراردادیں متفقہ طور پر منظورکرلی گئیں۔ نکتہ اعتراض پر ارکان نے زیر حراست ملزمان کی تشدد سے ہلاکت پر تشویش کا اظہارکیا،ایوان میں سانحہ نانگا پربت میں ہلاک ہونے والوں کیلئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیارکی گئی۔