13 مارچ ، 2012
اسلام آباد…وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ایشیا کپ کے دوران پاک بھارت میچ دیکھنے کیلئے بنگلہ دیش جائیں گے۔ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 18 مارچ کو کھیلا جائے گا۔رحمان ملک کوبنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ مصطفی کمال نے میچ دیکھنے کی دعوت دی ہے ۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق رحمان ملک مختصر دورے میں ایشیا کپ کیلئے کئے گئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے علاوہ بنگلہ دیش کی حکومت اور سیکورٹی اداروں کے اہم افسران سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔واضح رہے کہ رحمان ملک نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ممکنہ دورہ پاکستان کے دوران مہمان ٹیم کی سیکورٹی کی ذ مہ داری اٹھائی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ سیکورٹی انتظامات کی یقین دہانی کے ساتھ بنگلہ دیشی حکومت سے کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی درخواست بھی کریں گے۔پاک بنگلا دیش سیریز اپریل میں متوقع ہے۔