دنیا
13 مارچ ، 2012

2050ء تک خوراک کی پیداوار میں 60 فیصد اضافہ کرنا ہوگا،اقوام متحدہ

ہنوئی…اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ 2050ء میں عالمی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے خوراک کی موجودہ پیداوار میں 60 فیصد اضافہ کرنا ہوگا،خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اورقدرتی آفات کی وجہ سے ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے میں بھوک اور ناکافی غذائیت پر قابو پانے کی کوششوں میں مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل ہیرویوکی کونوما نے یہاں ہونے والے 38 ممالک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، تجارتی پالیسیوں،خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اورخوراک سے متعلق فصلوں کا بطور بائیو فیول استعمال میں اضافہ بھی بھوک مٹانے کی کوششوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں خوراک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے خطیر سرمایہ کاری درکار ہوگی،2050ء کے لیے عالمی آبادی سے متعلق ممکنہ اعداد و شمارکو مد نظر رکھا جائے تو ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے خوراک کی موجودہ پیداوار میں 60 فیصد اضافہ کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :