13 مارچ ، 2012
ممبئی …بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان 14مارچ کو اپنی47ویں سالگرہ منائینگے۔14مارچ1965کوریاست مہارشٹرا کے شہر ممبئی میں پیدا ہونے والے عامر خان نے اپنے فلمی سفر کا آغاز بحیثیت چائلڈ اسٹار 1973میں فلم یادوں کی بارات سے کیا جسے ان کے انکل ناصر حسین نے پروڈیوس کیا تھا۔بطور ہیرو عامر کی بالی ووڈ میں آمد1984میں فلم ہولی سے ہوئی تاہم انہیں پہلی کامیابی 1988 میں قیامت سے قیامت تک سے ملی جس میں عامر نے جوہی چاؤلہ کے مدِ مقابل بطور ہیروآئے تھے، اور پہلا نیشنل ایوارڈ اپنے نام کیا۔قیامت سے قیامت تک سے حاصل ہونے والی کامیابی کے بعد عامر نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اوریادوں کی بارات ،مد ہوش،راکھ،دل ،دیوانہ مجھ سانہیں،دل ہے کہ مانتا نہیں،جو جیتا وہ سکندر،ہم ہیں راہی پیار کے ،انداز اپنا اپنا،بازی ،رنگیلا،راجہ ہندوستانی،سرفروش ،غلام،دل چاہتا ہے اور لگان جیسی کامیاب فلمیں پیش کیں۔ چا ر سال تک فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کیے رکھنے کے بعد عامر کی واپسی 5 200 میں فلم منگل پانڈے سے ہوئی جس کے بعد انہوں نے لگاتار رنگ دے بسنتی،فنا،تارے زمین پر،گجنی،تھری ایڈیٹس،دھوبی گھاٹ جیسی سپر ہٹ فلمیں پیش کیں اور بالی ووڈ باکس آفس پرکامیابیوں کی نئی تاریخ رقم کی ۔ فلمی ایوارڈ فنکشنز سے ہمیشہ دور دور رہنے والے عامر خان نے اپنے فلمی کیرئیر میں سینکڑوں ایوارڈز اپنے نام کیے۔ واضح رہے کہ عامرخان کی آنے والی فلم"تلاش"میں وہ ایک پولیس انسپکٹر کے روپ میں جلوہ گر ہورہے ہیں جسکی ہدایتکاری ریما کغتی نے دی ہے جبکہ یہ فلم یکم جون کو سینما گھروں کی زینت بنائی جائیگی۔