13 مارچ ، 2012
لاہور…لاہور میں نادرا اور پاسپورٹ کے دفاتر میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نادرا ب فارم جبکہ پاسپورٹ آفس پاسپورٹ بنوانے میں نت نئے اعتراضات لگا کر انکی پریشانی میں اضافہ کر رہے ہیں۔ایبٹ روڈ پر واقع نادرا رجسٹریشن آفس اور ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے دفاتر کے باہر شہریوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔شہریوں کو ب فارم ،شناختی کارڈز اور پاسپورٹ بنوانے کیلئے بے حد مشکلات کا سامنا ہے۔انکا کا کہنا ہے کہ ایک طرف ان محکموں نے عوام سہولت کے بورڈ آویزاں کر رکھے ہیں تودوسری جانب کوئی نہ کوئی اعتراض لگا کر صارفین کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔لوگوں کو کہنا ہے کہ ان دفاتر کے باہر ایجنٹ عملے کی ملی بھگت سے رشوت لے کر کام کرتا ہے جبکہ عام شہری سارا دن خوار ہوتے رہتے ہیں۔ خواتین اور بزرگ افراد کے بیٹھنے کا بھی کوئی انتظام نہیں۔دوسری جانب نادرا حکام کا کہنا ہے کہ تمام کام شفاف انداز سے جاری ہے تاہم شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا ئیگا۔