13 مارچ ، 2012
لاہور…یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں دیوارگرنے سے طالبعلم کی ہلاکت کے خلاف طلباء نے آج بھی احتجاج کیاجبکہ یونیورسٹی انتظامیہ نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر خستہ حال ہاسٹلز خالی کرانے کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب وائس چانسلر نے جاں بحق ہونے والے طالبعلم کے خاندان میں سے ایک فرد کو یونیورسٹی میں ملازمت دینے کابھی اعلان کیا ۔طالبعلم کی ہلاکت کی انکوائری کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ نے عمارتوں کے سروے کیلئے ٹیم تشکیل دیدی ہے۔وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اکرم خان نے ابتدائی رپورٹ پنجاب حکومت کوارسال کردی ہے۔ترجمان یوای ٹی کے مطابق1921 میں تعمیر ہونیوالے دوہاسٹلز خالی کرانے کافیصلہ کیاگیاہے۔انکوائری کمیٹی کے رکن سردار عارف کا کہنا ہے کہ شام تک رپورٹ وائس چانسلر کو پیش کردے گی، رپورٹ میں دیوار گرنے کے اسباب اور ذمہ داروں کا تعین کیا جارہا ہے۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی نے بھی یونیورسٹی میں حادثے کی جگہ کا دورہ کیا اور تفصیلات اکٹھی کیں،اسلامی جمیعت طلبا نے لاہور پریس کلب کے باہر حادثے میں جاں بحق ہونے والے طالبعلم کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔