26 جولائی ، 2013
اسلام آباد…بھارت سے قدرتی گیس کی درآمد کے لیے پاک بھارت بات چیت جاری ہے۔ بھارت کی سرکاری گیس کمپنی نے جالندھر سے واہگہ تک ایک سو دس کلومیٹر پائپ لائن بچھانے کی تجویز دی ہے۔ بھارت کی سرکاری گیس کمپنی گیل انڈیا لمیٹڈ کے چیئرمین بی سی ترپاٹھی نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان نے توانائی کے بحران کے حل کے لیے بھارت سے ایل این جی لینے پر دلچسپی ظاہرکی ہے۔ بی سی ترپاٹھی کے مطابق بھارت مائع قدرتی گیس گجرات کی بندرگاہوں پر درآمد کرے گا جہاں سے اسے پائپ لائن کے ذریعے جالندھرمنتقل کیا جائیگا۔ پاکستانی سرحد واہگہ تک گیس پہنچانے کے لیے 110 کلومیٹر پائپ لائن بچھائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور پاکستان کو گیس کی برآمد بھارتی حکومت کی رضامندی سے ہی ممکن ہوسکتی ہے۔