14 مارچ ، 2012
کراچی…امریکی معیشت میں بہتری کے آثار نے سونے کی چمک کوبھی ماند کردیاہے ،بین الاقوامی سطح پر سونے کی فی اونس قیمت میں 20 ڈالر سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ مقامی مارکیٹ میں آج سونے کی فی تولہ قیمت میں مزید 500 روپے سے زائد کی کمی متوقع ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی معیشت میں ریٹیل سیلز میں تیزی کے رحجان کے اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں مشکلات میں کمی اور بین الاقوامی سطح پر 14 ترقی یافتہ ممالک کی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث سونے کی فی اونس قیمت 20 ڈالر سے زائد کی گراوٹ کے بعد 1673 ڈالر کی سطح پر دیکھی گئی۔امریکی ریزرو بینک کی جانب سے لیبر مارکیٹ مستحکم ہونے اور عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں مالیاتی بحران کی شدت میں کمی کے باعث آج ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی تیزی دیکھی گئی۔مقامی سطح پرسونے کی فی تولہ قیمت گزشتہ روز 300 روپے کمی کے بعد 58 ہزار 500 کی سطح پر آگئی جبکہ آج مزید کمی کی توقع ہے ۔