14 مارچ ، 2012
پشاور … وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی کا کہنا ہے کہ 2 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور جلد ہی خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی وجود میں آجائیگی۔ کرک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے کرک میں علیحدہ یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اراضی کی خریداری کے لئے 25 کروڑ روپے کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ آئندہ بجٹ میں کرک کو گیس کی رائلٹی کی مد میں 100 فیصد اضافہ کردیا جائے گا اور جلد ہی خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی بنائی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے 17 کلومیٹر طویل سراج خیل سڑک کی تعمیر کے لئے بھی 28 کروڑ روپے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 سالوں میں کرک کی ترقی پر 3 ارب 27 کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔