15 مارچ ، 2012
کراچی …کراچی میں برنس روڈ پر ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکووٴں سے مبینہ پولیس مقابلے کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا پولیس اہلکار اسپتال میں دوران علاج چل بسا۔پولیس کے مطابق برنس روڈ پر واقع ایک بیکری کی دوکان میں دوملزمان ڈکیتی کی واردات میں مصروف تھے کہ موقع واردات پر پولیس پہنچ گئی جس کے بعد ڈاکووٴں اور پولیس کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت تین افرادزخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔دوران علاج فائرنگ سے زخمی ہونے والا پولیس اہلکارسپاہی محمد یعقوب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بساجبکہ زخمی ہونے والے راہگیر کامران اور طارق کھوکھر کو اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔ہلاک ہونے والے ڈاکو کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور لوٹا ہوا روپیہ برآمد کرلیا گیا۔