15 مارچ ، 2012
اسلام آباد. . .. . .میمو کمیشن کا اجلاس آج پھر ہو رہا ہے جس کے دوران امریکا میں سابق سفیرحسین حقانی کے وکیل زاہد بخاری لندن میں منصور اعجاز پر جرح کریں گے ۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں میمو کمیشن اجلاس کے دوران منصور اعجازپرحسین حقانی کے وکیل زاہد بخاری لندن میں جرح کریں گے۔ اس کے بعداٹارنی جنرل مولوی انوار الحق ویڈیو لنک کے ذریعہ منصور اعجاز پر جرح کریں گے۔ اور یہ سارا عمل مکمل ہونے کے بعد حسین حقانی کو میمو کمیشن نے اسلام آباد میں طلب کر رکھا ہے۔ کمیشن کی گزشتہ کارروائی میں درخواست گزاروں کے وکلا نے منصور اعجازسے پر جرح مکمل کرلی تھی۔ کمیشن کے طلب کرنے پر حسین حقانی کے گزشتہ برس مئی سے نومبر کے دوران استعمال کیے گئے بلیک بیری موبائل فونز کے بلز جمع کرائے جا چکے ہیں تاہم ان کے وکیل نے ان بلز کی تفصیلات پرائیویسی رائٹس کے تحت خفیہ رکھنے کی درخواست کی تھی۔حسین حقانی نے کمیشن کو جمع کرائے گئے بیان میں منصور اعجاز کی جانب سے لگائے گئے تما م الزامات کی تردید کی اور موقف اختیار کیا ہے کہ ان کا منصور اعجاز سے رابطہ ضرور ہوا مگر میمو کا معاملہ کبھی زیر بحث نہیں آیا۔