15 اگست ، 2013
واشنگٹن… طبی ماہرین کے مطابق فیس بک کے استعمال سے تعلقات کے ساتھ ساتھ مشکلات میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ مشی گن یونیورسٹی کے محققین کے مطابق حالیہ تحقیق سے یہ نتائج اخذ ہوئے ہیں کہ وہ لوگ جو روزانہ فیس بک کا استعمال کرتے ہیں ان کے دوسروں سے تعلقات میں اتنا ہی اضافہ ہوتا جاتا ہے جو کہ اکثر اوقات خراب ہوجانے پر برے حالات کا سبب بھی بنتا ہے جس سے ان افراد کی مشکلات میں اضافہ اور خوشیوں میں کمی واقع ہوتی ہے۔ تحقیق کے سربراہ ایتھن کروز نے بتایا کہ تحقیق کے نتائج کیلئے 82 نوجوانوں کو تحقیق کا حصہ بنایا گیا جو کہ فیس بک کا باقاعدگی سے استعمال کرتے تھے اوردو ہفتے مسلسل ان پر تحقیق کے بعد حالیہ نتائج اخذ کئے گئے۔ محققین کے مطابق یہ پہلی ایسی تحقیق ہے جس میں انسانی زندگی پر فیس بک کے اثرات کے بارے میں بتایا گیا ہے جسے سائنسی جریدے ”پلوس“ میں شائع کیا گیا ہے۔