پاکستان
18 اگست ، 2013

ہائر ایجوکیشن کمیشن:2013 کیلئے یونیورسٹیز کی رینکنگ

ہائر ایجوکیشن کمیشن:2013 کیلئے یونیورسٹیز کی رینکنگ

کراچی …3 دن پہلے ہائر ایجوکیشن کمیشن نے2013 کے لیے یونی ورسٹیز کی رینکنگ جاری کی، جس کی پذیرائی کے لیے جنگ گروپ اور جیو بھی اس کے شانہ بشانہ ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے سال 2013 کی رینکنگ میں زراعت، تجارت، انجینئرنگ، طب کے شعبوں کے علاوہ جنرل مضامین کی چھوٹی، درمیانی اور بڑی یونی ورسٹیز کے لیے الگ الگ رینکنگ جاری کی ہے۔ جنگ گروپ اور جیو نے رینکنگ میں نمایاں مقام حاصل کرنے والی یونی ورسٹیز کو انعامات اور شیلڈز سے نوازا۔ بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے شہروں کی یونیورسٹیز بھی نمایاں مقام حاصل کرنے میں شامل رہیں۔ رینکنگ میں سکھر، جام شورو، ٹنڈو جام، خضدار، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، دیر اور سرگودھا سمیت دیگر کئی چھوٹے شہروں کی یونی ورسٹیز بھی رینکنگ میں جگہ بنائی ہے۔
انصار احمد صدیقی، ڈائریکٹر آئی بی اے سکھر کا کہنا ہے کہ ہم unemployable، گریجویٹ پیدا کر رہے ہیں، جن کی مارکیٹ میں کوئی ضرورت نہیں ہے، لیکن ہم نے کوالٹی کو فوکس کیا ہوا ہے۔
ڈاکٹرسلیم رحمان، وائس چانسلر ، سرحد یونی ورسٹی پشاور کا کہنا ہے کہ ” ہم پاکستان سے باہر سے آنے والوں کو بھی کو اچھی فیکلٹیز آفر کرتے ہیں، جس کی وجہ سے لوگAttract ہوتے ہیں اور اچھا کیمپس بن جاتا ہے۔“
چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن جاوید لغاری کے مطابق رینکنگ کے اجراء سے یونی ورسٹیز میں تحقیق مقالوں کا معیار اور تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ میڈیا کی مدد سے اس رینکنگ کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ” میڈیا کی ضرورت بہت زیادہ ہے، کیونکہ10 لاکھ یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹ ہیں اور کالج کے ملائیں تو18 لاکھ اسٹوڈنٹ ہیں جو کہ ہائر ایجوکیشن میں ہیں، ہم ان تک نہیں پہنچ سکتے۔تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے ملک کے سب سے بڑے اشاعتی ادارے جنگ گروپ اور جیو کا ساتھ، گراں قدر ہے۔
یونی ورسٹیز کی رینکنگ جاری ہونے سے مختلف تعلیمی اداروں کے درمیان مقابلے کا رجحان بڑھا ہے۔ طالب علموں کو بہتر اداروں کے بارے میں آگاہی ملی ہے جبکہ کارپوریٹ سیکٹر کو بھی روزگار کے لیے بہتر تعلیمی اداروں تک رسائی حاصل ہوئی ہے۔

مزید خبریں :