16 مارچ ، 2012
ڈھاکا…بھارتی لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر نے بالآخر 100 ویں سنچری بناکر ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے یہ کارنامہ ایشیا کپ کرکٹ میں بنگلا دیش کے خلاف اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کے 651 ویں میچ میں سنچری اسکور کرکے سر انجام دیا۔سچن رمیش ٹنڈولکر 24 اپریل 1973 کو ممبئی میں پیدا ہوئے، دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر نے نومبر 1989 میں پاکستان کے خلاف کراچی ٹیسٹ سے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ ٹنڈولکر 188 ٹیسٹ میچوں کی 311 اننگز میں 55.44 کی اوسط سے 15470رنز بناچکے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی 51 سنچریاں اور 65 نصف سنچریاں ہیں، ان کا سب سے زیادہ اسکور 248 ناٹ آؤٹ ہے، جبکہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 18360سے زائدرنزاسکور کرچکے ہیں، ایک روزہ میچوں میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 200 رنز ناٹ آؤٹ ہے اور اب تک وہ 49 سنچریاں اور 95 نصف سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔سچن ٹنڈولکر ٹیسٹ میچوں میں 45 اور ایک روزہ میچوں میں154 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔