16 مارچ ، 2012
دہلی … بھارتی پارلیمنٹ میں آئندہ مالی سال کیلئے 298ارب ڈالرکا بجٹ پیش کردیا گیا ہے۔ بھارتی حکومت نے کھانے پینے کی اشیاء پر سبسڈی میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ یکم اپریل سے شروع ہونے والے مالی سال کی بجٹ تقریر میں وزیر خزانہ پرناب مکھرجی نے بتایا کہ حکومتی بجٹ خسارے کو کم کرنے کیلئے فرٹیلائزر اور ڈیزل پر سبسڈیز کو موجودہ مالی سال کی سطح پر برقرار رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 کروڑ کسان خاندانوں کو سستا فرٹیلائز فراہم کیا جائے گااور خوراک کی مد میں 3 ارب ڈالر سبسڈی دی جائے گی، بھارتی شہریوں کے بیرون ملک میں رکھے گئے کالے دھن کو بھارت واپس لانے کیلئے متعدد اقدامات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پرناب مکھرجی نے بتایا کہ عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کیلئے ٹیکس کی چھوٹ 1 لاکھ 80 ہزار روپے سے بڑھا کر2 لاکھ روپے کردی ہے۔