کھیل
29 اگست ، 2013

دوسرا ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو 90 رنز سے ہرادیا

دوسرا ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو 90 رنز سے ہرادیا

ہرارے … دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے زمبابوے کو 90 رنز سے ہرادیا، جنید خان نے 4 ، سعید اجمل اور عبدالرحمان نے 2،2 وکٹیں لیں، محمد حفیظ کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کیلئے 300 رنز کا ہدف دیا، جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 42.4 اوورز میں 209 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی، برینڈن ٹیلر 79 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، ان کے علاوہ میلکم والر 40، شون ولیمز 37 اور مساکیڈزا 24 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ ایک موقع پر زمبابوے کے 39 ویں اوور میں 200 رنز پر 4 کھلاڑی آوٴٹ تھے تاہم اس کے بعد دونوں سیٹ بیٹسمین برینڈن ٹیلر اور میلکم والر کو جنید خان نے پویلین بھیج کر پاکستان ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی، اس کے بعد انہوں نے چگمبرا کو بھی 201 کے مجموعی اسکور پر آوٴٹ کرکے زمبابوے کی شکست یقینی بنادی، عبدالرحمان نے 43 ویں اوور میں مسلسل دو وکٹوں پر آخری دونوں وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو فتح دلادی۔ محمد حفیظ کو ناقابل شکست 136 رنز کی شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تین میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک کامیابی حاصل کی ہے ، فیصلہ کن میچ 31 اگست کو کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :