18 مارچ ، 2012
اسلام آباد … وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق پاک بھارت کرکٹ میچ کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایات کے بعد وزارت پانی و بجلی نے زرعی ٹیوب ویلز اور صنعتوں کو بجلی کی فراہمی میں کٹوٹی کا فیصلہ کر لیا۔ وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کے مطابق ملک میں 1200 میگا واٹ بجلی کی طلب کے مقابلے میں صرف 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اور 4 ہزار میگاواٹ کا شارٹ فال ہے ۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش میں ہونے والے پاک بھارت کرکٹ میچ کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی وزیر اعظم کی ہدایات کے بعد وزارت پانی و بجلی نے فیصلہ کیا ہے کہ میچ کے دوران زرعی ٹیوب ویلز کو فراہم کی جانے والی 1500 میگاواٹ کو معطل رکھا جائے جبکہ باقی شارٹ فال کو صنعتی شعبے کو بجلی کی کٹوتی سے پورا کیا جائے ۔