11 ستمبر ، 2013
ڈیلس…راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ جنگ…پاکستانی امریکی سرجن کی جانب سے 96ملین ڈالر کی لاگت سے ریاست ٹیکساس کے شہر گرانڈ میری میں قائم کیا جانے والا اسپتال ٹیکساس جنرل اسپتال کا کام مکمل ہونے کے بعد عام مریضوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ اس بات کا اظہار پاکستانی کمیونٹی کے معروف بزنس مین اور اسپتال کے مالکان ڈاکٹر حسن ہاشمی اور اسپتال کے CEOسلیمان ہاشمی نے اسپتال میں منعقدہ پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کے نمائندوں اور آنے والے سینکڑوں ڈاکٹروں کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے کے موقع پر کیا۔ تقریب میں اپنا نارتھ ٹیکساس کے صدر ڈاکٹر داؤد ناصر، اپنا 2014ء کے انتخابات میں صدر کے عہدے کے اُمیدوار ڈاکٹر مبشر رانا اور سیکرٹری مالیات کے عہدے کے اُمیدوار شاہد راشد اور دیگر ڈاکٹروں کے علاوہ مقامی پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اسپتال کے مالکان سرجن ڈاکٹر حسن ہاشمی، سلمیٰ ہاشمی، سلیمان ہاشمی، مرجان پاشا ہاشمی، فراز ہاشمی، فزا شان ہاشمی، ہارون ہاشمی نے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تعمیر کئے گئے اسپتال کا دورہ بھی کرایا۔ ڈاکٹر حسن ہاشمی اور سلیمان ہاشمی نے اس موقع پر بتایا کہ مذکورہ اسپتال جدید خطوط پر تعمیر کیا گیا ہے جس میں جدید آلات اور ٹیکنالوجی فراہم کی گئی ہے، اس وقت 50بیڈ مریضوں کیلئے رکھے گئے ہیں جبکہ اس میں 200بیڈ کی گنجائش ہے، اسے مستقبل قریب میں پروفیشنل تعلیم دینے کا ادارہ بنانے کا بھی ارادہ ہے۔ ڈاکٹر حسن ہاشمی جو کہ امریکا کے معروف تعلیمی ادارے ہارڈوڈ اور ہیل سے خصوصی ٹریننگ بھی لے چکے ہیں‘ کا کہنا ہے کہ اس طرح کا ادارہ قائم کرنے کا وہ خواب شرمندہ تعبیر کر چکے ہیں اور اس ضمن میں اسپتال کی کارکردگی بھی انتہائی خوش آئند ہے اور ہزاروں مریض اس اسپتال سے استفادہ کر رہ ہیں جبکہ 225 ملازمین اسپتال سے وابستہ ہیں جن کی مستقبل قریب میں تعداد ایک ہزار سے زائد ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال کے پہلے سال ہی اس ادارے کی کارکردگی انتہائی تسلی بخش رہی۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں کو ان کے مرتب کردہ شیڈول کے علاوہ ہفتہ وار چھٹیوں میں بھی سرجن یہاں پر سرجری کی سہولت میسر ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ER میں 80 مریضوں کی گنجائش ہے،”HCAHPS“ سمیت اسپتالوں کو مانیٹر کرنے والی کئی خود مختار ایجنسیوں نے اس اسپتال کو بہترین اسپتال قرار دیا ہے۔ اسپتال میں انڈو اسکوپی اور دیگر جدید سرجری آلات نصب کئے گئے ہیں، اسپتال کا فرش بیکٹریا کو مارنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ آپریشن تھیٹر میں ہونے والی سرجری کو کیمروں کے ذریعے لابی میں موجود اسکرینوں سے مانٹیر بھی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں تمام بیڈ VIPہیں جبکہ مریضوں کو گھر جانے کیلئے رولس رائس لیمو مفت فراہم کی جاتی ہے۔ اس موقع پر ریاست ٹیکساس کے شہر پیرس کے میئر ڈاکٹر ارجمند ہاشمی بھی موجود تھے۔