19 مارچ ، 2012
اسٹاک ہوم....ایک رپورٹ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ اسلحہ ایشیا میں درآمد کیا جاتا ہے۔اسلحہ منگوانے میں بھارت پہلے اور پاکستان تیسرے نمبر پر ہے۔اسٹاک ہوم میں واقع انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں میں ایشیا اوربحراوقیانوس کے ملکوں نے 44 فی صد روایتی اسلحہ درآمد کیا۔ یورپی ممالک نے 19 فی صد، مشرق وسطیٰ کے ملکوں نے 17 فی صد، شمالی اور جنوبی امریکا نے گیارہ اور افریقا کے ملکوں نے9 فی صد اسلحہ درآمد کیا۔ رپورٹ میں انکشاف کیاگیا ہے کہ بھارت وہ پہلا ملک تھا جس نے اس عرصے میں دنیا بھرمیں سب سے زیادہ 10 فی صد اسلحہ خریدا جبکہ جنوبی کوریا 6 فی صد، چین اور پاکستان نے پانچ پانچ فی صد، سنگاپور نے 4فی صد اسلحہ درآمد کیا۔بھارت میں 2002 سے 2006 اور 2007 سے 2011 تک اسلحے کی درآمد میں38 فی صد اضافہ ہوا۔بھارت دنیامیں ہتھیاروں کاسب سے بڑادرآمدکندہ بن گیا ہے جس نے گزشتہ پانچ برسوں میں بڑے پیمانے پر جنگی سازوسامان خریدا۔ جس میں روس سے ایک سوبیس ایس یو 30 ایم کے آئی اورسولہ مگ انتیس طیارے جبکہ برطانیہ سے بیس جیگوار طیارے بھی شامل ہیں۔پاکستان نے چین سے پچاس جے ایف سترہ اور امریکا سیتیس ایف سولہ جنگی طیارے حاصل کیے۔پاکستان اوربھارت ٹینکوں کی خریداری بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔