13 ستمبر ، 2013
ہرارے … ہرارے ٹیسٹ انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ، پاکستان کو جیت کیلئے مزید 106رنز جبکہ زمبابوے کو 5 وکٹیں چاہئیں۔ ہرارے میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن زمبابوے کی دوسری اننگز 199رنز پر سمٹ گئی، پاکستانی فاسٹ بولر راحت علی نے 5 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا ، سعید اجمل اور عبدالرحمان کے حصے میں 2 ، 2 وکٹ آئیں ۔ لیکن پہلی اننگز کے 64رنز کے خسارے نے ٹیم پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا ، قومی ٹیم کو جیت کیلئے 264 رنز کا ہدف ملا ، ابتدائی بیٹسمین جلد دغا دے گئے ، محمد حفیظ 16 اور اظہر علی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ خرم منظور نے میچ میں دوسری ففٹی بنائی تاہم وہ بھی 54 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے، یونس خان بھی 29رنز بنا کر پویلین جا بیٹھے، اسد شفیق اس بار بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 14 رنز ہی بنا سکے، پاکستان کی آدھی ٹیم 158 رنز پر پویلین لوٹ چکی ہے، کپتان مصباح الحق 26 اور عدنان اکمل 17 رنز بنا کر کریز پر موجود آخری مستند جوڑی ہے۔ کھیل کے آخری دن پاکستان کو جیت کیلئے مزید 106رنز بنانے ہیں جبکہ میزبان ٹیم کو 5 وکٹوں کی ضرورت ہے۔ پاکستان ٹیم پہلا ٹیسٹ جیت کر 2 میچز کی سیریز میں برتری حاصل کئے ہوئے ۔