17 ستمبر ، 2013
چترال…چترال میں تباہ حال پل نے ہزاروں شہریوں کی جان خطرے میں ڈال دی ہے چترال میں دنین نالے پر قائم پْل کو حالیہ سیلاب کی وجہ سے نقصان پہنچا اورمکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کاشکارہے، جس کی وجہ سے نالے کے دونوں جانب رہنے والوں کو پریشانی کاسامناہے ،اس کے ساتھ ساتھ ہزاروں طلباوطالبات پل ٹوٹنے سے انتہائی تکلیف دہ اورخطرناک سفر کرنے پرمجبورہیں۔ کالج کی خواتین اساتذہ کا کہنا ہے کہ پْل ٹوٹنے سے طالبات کی اکثر کلاسیں چھوٹ جاتی ہیں، جس سے ان کی تعلیم کا نقصان ہورہا ہے۔جبکہ طالبات کہتی ہیں کہ پْل ٹوٹنے کے بعد سے ہم پیدل سفرکرنے پرمجبورہیں۔ بس ڈرائیور بتاتے ہیں کہ پل ٹوٹنے کے باعث متبادل راستہ اختیارکرنے سے بہت وقت ضائع ہوتاہے اور اکثر ٹریفک جام رہتاہے۔ شہریوں اورطلبا وطالبات کا مطالبہ ہے کہ پل جلد ازجلد تعمیر کرکے اسے محفوظ بنایاجائے۔