17 ستمبر ، 2013
اسلام آباد… ایم کیو ایم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور سے پکڑے گئے لیاری گینگ کے دہشت گردوں کی گرفتاری ظاہر کر کے پیپلز امن کمیٹی پر فوری پابندی لگائی جائے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی وسیم حسین نے کہاکہ لاہور سے لیاری گینگ کے دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد ثابت ہو گیا ہے کہ ایم کیو ایم پر کراچی کا امن تباہ کرنے کے الزامات غلط ہیں ،ایم کیوایم نے پہلے ہی کہا تھا کہ بھتہ خوروں ، اغوا کاروں اور اردو بولنے والوں کے گلے کاٹنے والوں کو سیاسی جماعتوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔ وسیم حسین نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت مجرموں کی سرپرستی کررہی ہے۔ایم کیوایم کے ساجد احمد نے الزام عائد کیا کہ پیپلزپارٹی کی ایم پی اے ثانیہ ناز نے لیاری گینگ کے افراد کو کراچی سے پنجاب منتقل کرایا، پیپلز امن کمیٹی پر فوری پابندی عائد کی جائے ، ایم کیو ایم کے رہ نما ندیم ہاشمی کی گرفتاری غلط کی گئی ،لاہور سے گرفتاریوں نے ان کی بے گناہی ثابت کردی ہے۔ مزمل احمد نے کہاکہ ایم کیوایم میں جرائم پیشہ افراد نہیں ہیں ، ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شک پرساڑھے تین ہزار افراد کو پارٹی سے فارغ کیا جا چکا ہے ، سندھ حکومت سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق لیاری گینگ اور دیگر جرائم پیشہ گروہوں کے خاتمے کے اقدامات کرے۔ پیپلزپارٹی کی رُکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہاکہ ایم کیو ایم کے الزامات غیر جمہوری ہیں، وہ پانچ سال حکومت کا حصہ رہی اور فائدے بھی اُٹھاتی رہی ہے، پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح عدالتوں اور قانون وآئین کا احترام کرے گی۔