18 ستمبر ، 2013
کراچی … افضل ندیم ڈوگر … کراچی میں پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کیلئے اچھی خبر ہے کہ ان کے 22 ہزار سے زائد زیر التواء پاسپورٹ تیار ہوچکے ہیں اور وہ اپنی یہ اہم دستاویز وصول کرلیں۔ ڈائریکٹر پاسپورٹ کراچی خالد میمن نے جیو نیوز کو بتایا کہ اسلام آباد میں پاسپورٹ کی تیاری میں غیرمعمولی تاخیر کا بحران ختم ہوچکا ہے، اب تمام پاسپورٹ مقررہ وقت پر تیار ہوکر متعلقہ دفاتر میں پہنچائے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے دوران کراچی سے پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کے لگ بھگ 22 ہزار پاسپورٹ تیار ہوچکے ہیں، جنہیں سنبھالنا عملے کیلئے مشکل ہورہا ہے، شہری اپنے پاسپورٹ فوری طور پر وصول کرلیں۔ ڈائریکٹر خالد میمن نے بتایا کہ 5 ہزار روپے کی فیس کی ادائیگی سے ارجنٹ پاسپورٹ 5 دن جبکہ نارمل فیس کی ادائیگی کے بعد پاسپورٹ 12 دن میں مل جاتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے پاسپورٹ مقررہ تاریخ پر ہی وصول کرلیں۔