پاکستان
18 ستمبر ، 2013

لسانی نفرت پر مبنی محمود اچکزئی کا بیان افسوسناک ہے،فاروق ستار

 لسانی نفرت پر مبنی محمود اچکزئی کا بیان افسوسناک ہے،فاروق ستار

اسلام آباد…قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے قومی اسمبلی میں پختونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی تقریر کو انتہائی افسوسناک، آداب کے منافی اور حقائق کے برخلاف قراردیا ہے۔ ایک بیان میں ڈاکٹرفاروق ستار نے کہاکہ محمود خان اچکزئی انتہائی سینئر سیاست دان اور پارلیمنٹرین ہیں اور ہمیں ان سے یہ قطعی توقع نہیں تھی کہ وہ تعصب اور لسانی نفرت کی بنیاد پر تاریخی وزمینی حقائق کو مسخ کرنے کی طفلانہ کوشش کریں گے۔اُنہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے 65 سال بعد اس وطن کے قیام کے لیے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیوں کو محض حادثہ قراردینا ان شہدا کی قربانیوں کے ساتھ ساتھ سرزمین پاکستان کی بھی توہین کے مترادف ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ یوپی، سی پی، بہار، مشرقی پنجاب اور دیگر علاقوں کے لاکھو ں خاندانوں نے اس لیے اپنا سب کچھ اس وطن کے لیے قربان نہیں کیاتھا کہ انھیں وہ لوگ طعنے دیں گے جن کے اپنے صوبے میں آج پاکستان کا پرچم لہرانا جرم بنادیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہاکہ گزشتہ روز الطاف حسین نے اپنی سالگرہ کے اجتماع سے خطاب میں یہ واضح طور پرکہاکہ تھا کہ پاکستان کو اس وقت سنگین داخلی وبیرونی خطرات وچیلنجز کا سامنا ہے اس لیے ہمیں اس وقت انتشار واختلاف کی نہیں بلکہ اتحاد واتفاق کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ محمود خان اچکزئی کراچی کے بارے میں اظہارخیال کرنے سے قبل یہ بات بھی ذہن میں رکھیں کہ وہ اس صوبے سے تعلق رکھتے ہیں جسے خود انتہائی المناک صورت حال کا سامنا ہے اور جہاں صورت حال اس حدتک خراب ہوچکی ہے کہ وہاں گزشتہ کئی سالوں سے 14 اگست اور 23 مارچ کی قومی تقریبات کاانعقاد تک ناممکن ہوگیا ہے، جہاں قومی پرچم لہرانا تک جرم بنادیا گیا ہے، جہاں لوگوں کو بسوں سے اتارکر ان کی زبان کی بنیاد پر قتل کرنا معمول بن چکا ہے اور جہاں حال ہی میں بانی پاکستان کی آخری آرام گاہ کو جلاکر راکھ کردیا گیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ جہاں تک 12 مئی کا تعلق ہے تو ایم کیوایم خود اس دن کے واقعات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کا متعدد بار مطالبہ کرچکی ہے اور ایک مرتبہ پھر اس مطالبے کو دہراتی ہے کہ ایک غیرمتعصبانہ اور غیرجانبدارانہ کمیشن بناکر 12 مئی 2007 کے واقعات کے اصل ملزمان اور کرداروں کو قوم کے سامنے لایا جائے خوان ان کا تعلق کسی سے بھی ہو۔

مزید خبریں :