پاکستان
19 مارچ ، 2012

جاوید ہاشمی کو پاکستان تحریک انصاف کا صدر بنادیا گیا، عمران خان

جاوید ہاشمی کو پاکستان تحریک انصاف کا صدر بنادیا گیا، عمران خان

لاہور … چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی کو پاکستان تحریک انصاف کا صدر بنا دیا گیا ہے، کراچی تباہ ہوتا جارہا ہے، بھتا خوری کے خلاف جو بھی کھڑا ہو اسے سپورٹ کرنا چاہئے جبکہ نوابزادہ نصر اللہ کی جماعت پاکستان ڈیمو کریٹک پارٹی ختم کرکے نوبزادہ منصور علی خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ جاوید ہاشمی کو صدر بنانے کا فیصلہ تحریک انصاف کی مرکزی مجلس عاملہ نے کیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے جاوید ہاشمی کو پارٹی کا صدر بنانے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی تباہ ہوتا جارہا ہے، بھتا خوری کے خلاف جو بھی کھڑا ہو اسے سپورٹ کرنا چاہئے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا مک مکا ہو چکا ہے، سینیٹ الیکشن میں واضح ہوگیا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان مک مکا ہوچکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سونامی کے خوف سے یہ سب اکٹھے ہو گئے ہیں، ابھی تک ہم بالکل اکیلے لڑ رہے ہیں، تحریک انصاف کو جمہوری بنائیں گے، پیپلز پارٹی این آر او پر سمجھوتہ کر کے آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو کی سپلائی بحال نہیں ہونی چاہئے، ن لیگ کی پوزیشن بھی نیٹو سپلائی پر واضح ہو جائے گی، پاکستان کو فیصلہ کرنا چاہئے کہ اس جنگ سے نکل جائیں، نیٹو کے دشمن ہمارے ساتھ بھی لڑ رہے ہیں۔ سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ اگر جنرل پاشا کی وجہ سے سونامی اٹھی تھی تو اب یہ ختم ہو جانی چاہئے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے کارناموں کی وجہ سے سونامی آ رہی ہے، ثابت ہو گیا کہ آئی ایس آئی نے ماضی میں کس کی مدد کی اور وہ ہے پی ایم ایل این۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ثابت کر دے کہ میں نے ایک بھی پیسہ لیا ہے تو سیاست چھوڑ دوں گا، عوام کو پتہ چلنا چاہئے کہ وہ کون سے سیاستدان ہیں جو ان کے ٹیکس کے پیسے سے سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2002ء کے الیکشن میں آئی ایس آئی کا رول تھا، اس موقع پر ہمیں بھی آفر ہوئی تھی، مولانا فضل الرحمان پاکستان کے سب سے بڑے منافق ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران نوابزادہ منصور علی خان نے پاکستان ڈیمو کریٹک پارٹی کو ختم کرتے ہوئے اسے تحریک انصاف میں ضم کرنے کا اعلان کیا۔ نوابزادہ منصور علی خان کا کہنا ہے کہ پی ڈی پی اور تحریک انصاف کی سوچ ایک ہے، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے پارٹی ضم کیا ہے۔

مزید خبریں :