21 ستمبر ، 2013
بریڈ فورڈ…بوتل کے چکرمیں پورامٹکاخالی کرنے والاقومی ائرلائن کاپائلٹ اب حوالات میں جہازاڑائیگا، عرفان فیض کو ریمانڈپربرطانوی پولیس کے حوالے کردیا گیا، ملزم کی ضمانت بھی مسترد کردی گئی۔ ایک وقت تھا جب قومی ائیر لائن فخر سے کہتی تھی کم فلائی ود اس لیکن اب شاید کہا جائے گا کم ڈرنک ود اس یعنی پی آئی اے میں پی کر آیئے۔ باکمال لوگ، لا جواب سروس،کبھی پی آئی اے اس سلوگن کا عملی نمونہ تھی،لیکن اب پی آئی اے کو اگر ایک لفظ میں بیان کیا جائے تو وہ ہوگا، Perhaps I Arrive، حالت یہ ہے کہ بوئنگ 747 کو یورپ اپنی حدود میں گھسنے نہیں دیتا،فضائی میزبان منشیات کے ساتھ پکڑے جاتے ہیں اور فلائٹ کیپٹن شراب کے نشے میں دھت پائے جاتے ہیں۔ بریڈ فورڈ سے اسلام آباد آنے والی پرواز کے کیپٹن عرفان فیض شراب سے فیض یاب ہوکر کاک پٹ میں پائے گئے، موصوف کو فضاوٴں میں اڑنے سے زیادہ پی کر ٹن ہو کر اڑنا زیادہ پسند تھا،اسی لیے 180 مسافروں کی زندگیوں کو پیگ میں گھول کر پینے کا پروگرام بنا رکھا تھا، برٹش ایوی ایشن نے کان سے پکڑ کر باہر نکالا اور حوالات کی سیر کرائی،سلاخوں کی پیچھے دو راتیں گزریں تو سارا نشہ ہرن ہوگیا، عدالت میں پیشی ہوئی تو مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف جرم بھی کرلیااور ضمانت کی التجا کی،جج نے یہ کہہ کر درخواست مسترد کردی کہ تم نے عوام کے اعتماد کو دھوکہ دیا ایسی حرکت کی جس سے کئی زندگیاں جاسکتی تھیں،تو کپتان صاحب اب ایک مہینہ سرکاری مہمان خانے میں گزاریے۔