25 ستمبر ، 2013
سیدوشریف…ضلع سوات میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے مرض پر قابو نہیں پایا جاسکا ، ہر گزرتے دن ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ سوات میں آج کل ڈینگی قابو سے باہر ہوگیا ہے۔ اگست کے دوسرے ہفتے میں ڈینگی کا پہلا کیس سامنے آیاتھا، دیکھتے ہی دیکھتے 19 ہزار لوگوں کے ٹیسٹ ہوئے، 5 ہزار سے زائد ڈینگی میں مبتلا نکلے۔ 20 سے زائد لوگ موت کی وادی میں چلے گئے ،ڈینگی کا خوف اب بھی لوگوں کے سروں پر منڈلا رہا ہے،سیدوشریف اسپتال ڈینگی کے مریضوں سے بھر گیاہے۔ اسپتال کے ترجمان کے مطابق روزانہ ڈیڑھ سو سے 2 سو افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہورہی ہے۔ ایک ماہ کے دوران 2 ہزار 600 مریض اسپتال داخل کئے گئے۔ دو ہزار 2 سو مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی اور سہولتوں کے فقدان پر مریض اور ان کے رشتے دار شکایت کرتے نظر آتے ہیں،اُن کاکہناہے کہ یہاں پر کو ئی سہولت موجود نہیں،ڈاکٹروں کی بھی کمی ہے، لوگوں کا رش ہے جبکہ ٹیسٹ کیلئے لوگوں کو باہر بھیجا جارہا ہے۔سیدوشریف اسپتال میں ڈینگی کا ٹیسٹ مفت کیا جارہا ہے تاہم پرائیویٹ لیبارٹریاں یہ ٹیسٹ 750 روپے میں کررہی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچاوٴ کیلئے لوگوں میں آگاہی ضروری ہے۔جس ے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ سماجی شخصیات اور علمائے کرام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔