01 اکتوبر ، 2013
واشنگٹن…امریکا میں نئے مالی سال کے بجٹ پر اتفاق رائے نہ ہوسکا، وائٹ ہاوٴس نے سرکاری محکموں کو شٹ ڈاوٴن کے احکامات جاری کر دیے، امریکی صدر کے ہیلتھ کیئر پلان پرحزب اختلاف اور حکومت میں اختلافات برقرار ہیں جس کے باعث کاروبارِ حکومت بند ہوگیا۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سمجھوتہ نہ ہونے کی وجہ سے کئی غیر اہم سرکاری ادارے بند اور لاکھوں ملازمین تنخواہوں سے محروم ہوسکتے ہیں۔ حکومت نے نئے مالی سال کے اخراجات کا بل ایوان نمائندگان میں پیش کیا تھا جو صحت عامہ کے قانون کے تنازع پر گزشتہ دو روز سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان فٹ بال بن کر رہ گیا۔ اتوار کو ایوان نمائندگان نے اخراجات کا بل ہیلتھ کیئر قانون نکال کرمنظور کر کے سینیٹ کو بھجوادیا تھا۔ سینیٹ نے ایوان نمائندگان کا ترمیمی بل مسترد کرکے اسے واپس ایوان نمایندگان میں بھیج دیا۔ ایوان نمائندگان نے ایک بار پھر صدر بارک اوباما کے ہیلتھ کیئر قانون کے بغیر بل کی منظوری دی جسے سینیٹ میں دوبارہ مسترد کردیا گیا۔ اس سلسلے میں صدر اوباما نے وائٹ ہاوٴس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر امریکا میں کاروبار حکومت بند ہوا تو کئی غیر اہم سرکاری ادارے بند ہوجائیں گے اور لاکھوں سرکاری ملازمین کوگھر بھیج دیا جائے گا، جبکہ 10 لاکھ سے زائد ملازمین تنخواہ کے بغیر کام کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شٹ ڈاوٴن کے باعث امریکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اورعام لوگوں کی زندگی شدید متاثر ہوگی۔ واضح رہے کہ یہ شٹ ڈاوٴن 17سال بعد دوسری مرتبہ ہوا ہے۔