21 مارچ ، 2012
واشنگٹن.....ورلڈ بینک کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس نے پاکستان میں دو منصوبوں کیلئے 1.09ارب ڈالر قرضے کی منظوری دیدی ہے۔ تربیلا میں ہائیڈرو پاور کے توسیعی منصوبے کے لیے 840 ملین ڈالر منظور کیے گئے ہیں جس کی تکمیل کے بعد 1410 میگا واٹ بجلی سسٹم میں آسکے گی۔دوسرے منصوبے کے تحت 250 ملین ڈالر کا قرضہ پنجاب میں آب پاشی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت آب پاشی کے جدید نظام کو متعارف کرایا جائے گا۔ بینک کا کہنا ہے کہ یہ قرضہ 25 سال کیلئے 1.25 فیصد سود کے ساتھ دیا جا رہا ہے۔ جس میں پانچ سال کی رعایتی مدت بھی شامل ہے۔