پاکستان
08 اکتوبر ، 2013

بس اور وین میں طلباء سے لوٹ مار واقعات کا سدباب کیاجائے،فیصل سبزواری

بس اور وین میں طلباء سے لوٹ مار واقعات کا سدباب کیاجائے،فیصل سبزواری

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری نے جرائم پیشہ افراد کی جانب سے نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں کالج کی وین میں طلباء سے لوٹ مار کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ مخصوص علاقے میں یونیورسٹی اور کالجوں کی بس اور وین میں طلباء سے لوٹ مار کے سنگین واقعات کا فی الفور سدباب کیاجائے۔ ایک بیان میں ایم کیوایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم کی روک تھام کیلئے ناکام ہوچکے ہیں جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ تاجروں ، صنعتکاروں ، دکانداروں اور راہ چلتے عوام سے لوٹ مار کے واقعات کے بعد اب جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے طلباء کو بھی نہیں بخشا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں طلباء کی بسوں میں لوٹ مار کے واقعات نے شہر کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں کا پول کھول دیا ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی واضح کردی ہے۔ فیصل سبزواری نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں کالج وین میں طلباء سے لوٹ مار کے واقعہ میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کو فی الفور گرفتار کیاجائے۔

مزید خبریں :