21 مارچ ، 2012
اسلام آباد … اٹارنی جنرل نے این آر او عملدرآمد کیس میں وزیر اعظم کی ہدایات پر جواب سپریم کورٹ میں داخل کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ انہیں ہدایات ہیں کہ وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کے حتمی فیصلے تک اس معاملے کو موٴخر کردیا جائے۔ جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 7 رکنی بینچ نے 8 مارچ کووزیر اعظم کو براہ راست حکم دیا تھا کہ وہ بطور چیف ایگزیکٹو سوئس حکام سمیت بیرون ملک ممالک میں مقدمات کی بحالی کیلئے خط لکھنے کے فیصلے پر عملدرآمد کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔ اس عدالتی حکم پر 2 صفحات پر مبنی جواب داخل کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ وزیر اعظم کا توہین عدالت کیس میں داخل کیا گیا۔ اٹارنی جنرل کی طرف سے داخل بیان میں کہا گیا ہے کہ گو کہ توہین عدالت اور عملدرآمد 2 مختلف مقدمات ہیں لیکن یہ دونوں ایک ہی معاملے سے جڑے ہیں۔ عدالت نے این آر او عملدرآمد کیس میں مزید کارروائی 29مارچ تک کیلئے ملتوی کر دی ہے ۔