21 مارچ ، 2012
لاہور … لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر آئی جی پنجاب پولیس کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر کارروائی 10 اپریل تک ملتوی کردی۔ عدالت نے 1998ء سے 2012ء تک صوبے میں تعینات تمام آئی جیز کی فہرست بھی طلب کرلی۔ ڈی ایس پی اعجاز گیلانی اور دیگر نے درخواست میں موٴقف اختیار کیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزاروں کو ترقی نہیں دی گئی۔ عدالت نے آئی جی حبیب الرحمان سے استفسار کیا کہ عدالتی احکامات کی پرواہ کیوں نہیں کی جاتی۔ اعلیٰ افسروں کو سزا دی جائے گی تو تب دیکھیں گے کہ عدالتی احکامات پر عمل کیسے نہیں ہوتا۔ آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ان کا حال ہی میں تقرر ہوا ہے وہ عدالتی احکامات کی عدم تعمیل کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ 14 سال کے دوران پنجاب میں تعینات آئی جی صاحبان سے معاونت لی جائے گی کہ پولیس عدالتی احکامات کی پرواہ کیوں نہیں کرتی۔