20 جنوری ، 2012
اسلام آباد…میموگیٹ کے مرکزی کردار منصوراعجاز نے معاملے کی تحقیقات کرنے والی پارلیمانی کمیٹی میں اپنی طلبی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ، اس حوالے سے ان کے وکیل اکرم شیخ نے اٹارنی جنرل سے بھی تبادلہ خیال کیاہے۔ ذرائع نے جیونیوز کو بتایاہے کہ سپریم کورٹ میں اکرم شیخ اور اٹارنی جنرل مولوی انوارالحق میں منصوراعجاز سے متعلق تبادلہ خیال ہوا، اس گفتگو میں پارلیمانی کمیٹی میں منصوراعجاز کی طلبی کے قانونی جواز پر بات ہوئی۔ کمیٹی نے 26 جنوری کو منصوراعجاز کو طلب کررکھا ہے، قومی سلامتی امور سے متعلق اس پارلیمانی کمیٹی نے منصوراعجاز ، حسین حقانی کے تحریری جوابات 23 جنوری تک طلب کررکھے ہیں۔ کمیٹی نے اٹارنی جنرل سے بھی بلیک بیری ڈیٹا سے متعلق رابطوں کی تفصیلات مانگ رکھی ہیں۔ میموگیٹ کمیشن نے منصوراعجاز کو 24 جنوری کو بلارکھا ہے، ذرائع کا کہناہے کہ منصور اعجاز، پارلیمانی کمیٹی میں پاکستان آنے پر اپنی طلبی سے متعلق درپیش تحفظات پر اپنے وکیل سے بات بھی کریں گے۔