پاکستان
20 جنوری ، 2012

نادرا کے تحت سندھ میں خواجہ سراوٴں کے شناختی کارڈبنیں گے

نادرا کے تحت سندھ میں خواجہ سراوٴں کے شناختی کارڈبنیں گے

کراچی … نادرا کے تحت سندھ میں خواجہ سراوٴں کے شناختی کارڈ بنانے کیلئے 28 جنوری کو خصوصی موبائل سینٹرز قائم کئے جائیں گے۔ خواجہ سرا ولدیت میں اپنے گرو کا نام بھی لکھوا سکیں گے۔ خواجہ سراوٴں کاکہناہے کہ اب وہ ووٹ بھی ڈالیں گے اور الیکشن بھی لڑیں گے۔ الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں ڈی جی الیکشن کمیشن، نادرا، محکمہ سماجی بہبود اور خواجہ سراوٴں کی تنظیم” جیا“ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں خواجہ سراوٴں کے شناختی کارڈ کے اجراء اور انتخابی فہرستوں میں ان کے ناموں کے اندراج میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی الیکشن سید شیر افگن نے جیو نیوز کو بتایا کہ 28 جنوری کو سندھ کے تمام اضلاع میں خواجہ سراوٴں کی رجسٹریشن کیلئے موبائل کیمپ قائم کئے جائیں گے اور خواجہ سرا اپنے گرو کا نام بھی ولدیت کے خانے میں لکھوا سکیں گے، لیکن اگر کوئی اپنے والد کانام لکھوانا چاہے تو اسے والد کے شناختی کارڈ کی شرط لاگو رہے گی۔ اجلاس میں خواجہ سراوٴں کو تاکید کی گئی کہ وہ اپنے شناختی کارڈ، تعلیمی اسناد اور دیگر دستاویز میں ایک ہی نام اندراج کروائیں۔ اس موقع پرجیاکی صدر بندیا رانا نے بتایا کہ سندھ میں 17 ہزار خواجہ سرا ہیں، رجسٹریشن کاکام سست روی کا شکار ہے لیکن اب امیدہے کہ شناختی کارڈ کے حصول میں رکاوٹیں دور ہوجائیں گی۔ بندیا رانا نے کہا کہ شناختی کارڈ حاصل کرکے ان کی برادری ووٹ بھی دے گی اور انتخابات میں بھی حصہ لے گی۔

مزید خبریں :