20 جنوری ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر قانون و انصاف مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری کسی کے کہنے پر اقتدار نہیں چھوڑیں گے، انہیں اللہ اور عوام نے اختیار دیا ہے۔ اسلام آباد میں جیو نیوز کے نمائندے ارشد وحید چوہدری سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ فرمائشی پروگرام نہیں چلے گا، پیپلز پارٹی بہت سے لوگوں پر گراں گزرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ذوالفقار بھٹو اور بی بی کو شہید کیا گیا اور اب صدر زرداری پر دباوٴ ڈالا جارہا ہے، وہ آج پارٹی کے شریک چیئرمین نہ ہوں تو سب ٹھیک ہو جائے گا لیکن انہیں عوام نے منتخب کیا ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جمہوری حکومتوں کو ہمیشہ بحرانوں کا سامنا رہا ہے، بھاری بھرکم مینڈیٹ والوں نے کون سے بحران پیدا کیے تھے جو انہیں بھی ہٹا دیا گیا تھا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد اب چیزیں ٹھیک ہو جائیں گی، لیکن پتہ نہیں آنے والے دنوں میں کیا ہو گا۔