پاکستان
20 جنوری ، 2012

ایوان صدرمیں پاک بحریہ کے سربراہ کونشان ملٹری دینے کی تقریب

ایوان صدرمیں پاک بحریہ کے سربراہ کونشان ملٹری دینے کی تقریب

اسلام آباد … صدر آصف علی زرداری نے طویل اور گران قدر خدمات کے صلے میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آصف سندھیلہ کو نشان امتیاز ملٹری عطا کیا ہے۔ ایوان صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران آرمی چیف کی صدر زرداری سے چائے پر صرف غیر رسمی بات چیت ہو ئی۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق نشان امتیاز ملٹری دینے کی تقریب میں چوہدری احمدمختارسمیت کئی وفاقی وزراء اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سمیت تینوں سروسز چیف اور سینئر فوجی افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر پڑھے جانیوالے بیان میں کہا گیا کہ نیول چیف کو نشان امتیاز ملٹری ان کی طویل اور گراں قدر خدمات کے صلے میں عطا کیا جارہا ہے۔ ایڈمرل آصف سندھیلہ اس سے پہلے ہلال امتیاز ملٹری اور Chevalier de I,Ordre National de Merite بھی حاصل کر چکے ہیں۔ ادھر جیو نیوز کے ذرائع کے مطابق تقریب کے اختتام پر چائے کے دوران آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی صدر زرداری سے غیر رسمی بات چیت ہوئی۔ اس دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، ائیرچیف، نیول چیف، وفاقی وزراء اور دیگر شرکاء بھی موجود تھے۔ اس موقع پر نیٹو حملے کے بارے میں پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات پربھی تبادلہٴ خیال ہوا۔ صدر اور آرمی چیف کے درمیان ملکی معیشت اور پارلیمنٹ کی کارروائی سے متعلق بھی غیررسمی مشاورت ہوئی، تاہم آرمی چیف کی صدر زرداری سے علیحدگی میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

مزید خبریں :