25 مارچ ، 2012
کراچی…گزشتہ روز کراچی سمیت سندھ میں 24 گھنٹے کے لئے بند سی این جی اسٹیشن اتوارکی صبح 9 کھل گئے ہیں۔ گیس لوڈ مینجمنٹ شیڈول کے تحت ہفتہ وار 24 گھنٹے کے لئے سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز بند رہتے ہیں۔ اس سلسلے میں ہفتے کی صبح نو بجے سے اتوار کی صبح نو بجے تک بند رہنے والے سندھ کے پانچ سو سے زائد سی این جی اسٹیشنز 24 گھنٹے بعد کھل گئے ہیں۔ سی این جی اسٹیشن کھلنے سے قبل ہی گاڑیوں، ٹیکسیوں، اور رکشوں کی قطاریں گیس بھروانے کے لئے اسٹیشنوں پر لگ گئے اور بیشتر رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں نے اپنی نیند رکشوں میں ہی پوری کی۔ شہریوں نے کہا ہے کہ سی این جی کی بندش کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور رکشہ ٹیکسی والے کرایا بھی بڑھا دیتے ہیں۔