25 مارچ ، 2012
کراچی…حکومت سندھ نے سپریم کورٹ میں فریال شاہ(رنکل کماری) کیس کی سماعت کے موقع پر رینجرز کا گشت بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے سکھر، گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد ور کندھکوٹ میں جلسے جلوس ریلیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے ڈی جی رینجرز کو 26 مارچ کو روز سپریم کورٹ میں فریال شاہ(رنکل کماری ) کیس کی سماعت،سکھر، گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد ور کندھکوٹ میں رینجرز کا گشت بڑھانے کی ہدایت کردی جبکہ دفعہ 144 کے تحت سکھر، گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد اور کندھکوٹ میں جلسے جلوس ریلیوں پر پندرہ روز کے لئے پابندی عائد کردی ہے۔میرماتھیلو کی خاتون رنکل کماری نے گزشتہ دنوں اسلام قبول کرتے ہوئے عرفان شاہ نامی نوجوان سے شادی کرلی تھی جس پر ہندو پنچایت کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ فریال شاہ (رنکل کماری) کو اغواء کرکے زبردستی مذہب تبدیل اور شادی کرائی گئی ہے۔فریال شاہ نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی مرضی سے اسلام قبول کرکے عرفان شاہ سے شادی کی ہے۔