کاروبار
26 مارچ ، 2012

پاکستان نے بھارت کو کراچی بندرگاہ کے استعمال کی اجازت دے دی

پاکستان نے بھارت کو کراچی بندرگاہ کے استعمال کی اجازت دے دی

پاکستان نے بھارت کے لئے ٹرانزٹ پالیسی میں غیر معمولی پیش رفت کرتے ہوئے خاموشی سے بھارت کو کراچی بندرگاہ کے استعمال کی اجازت دے دی ہے جہاں سے بھارتی گندم افغانستان پہنچائی جارہی ہے۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق ایک لاکھ ٹن گندم چند ماہ کے دوران کنڈل سے کراچی پورٹ لے جائی گئی جہاں سے ٹرین اور زمینی راستے سے طورخم پہنچائی گئی جو پاکستان و افغانستان سرحد پر ٹرانزٹ پوائنٹ ہے۔ کراچی پورٹ کے ذریعہ ڈھائی لاکھ ٹن گندم افغانستان لے جائی جانی ہے جو بھارت نے بطور امداد دی ہے بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ گندم کی نقل و حمل کو انڈیا سے متعلق پاکستانی پالیسی میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا کیونکہ تیکنیکی طور پر افغانستان ٹرانزٹ کیلئے کراچی بندرگاہ استعمال کررہا ہے بھارت نہیں ، مگر اخبار کا کہنا ہے کہ زمینی حقائق کے مطابق تجارتی سرگرمی انڈین شپنگ ایجنٹس کررہے ہیں جو کراچی تک سامان پہنچاتے ہیں جہا ں سے پاکستانی ٹرانسپورٹ ایجنسیز اس سامان کو و صول کرتے ہیں اور طورخم تک پہنچاتے ہیں ہم نے افغانستان سے کہہ رکھا ہے کہ طورخم سے سامان اٹھانے کے انتظامات کرے۔ اخبار نے اندرونی حکومتی ذریعہ کے حوالے سے لکھا ہے کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ کراچی ایک بہت مصروف بندرگاہ ہے اور وہاں تمام سرگرمیاں معمول کے مطابق ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان افغانستان کے ٹریڈ اینڈ ٹرانزٹ معاہدے میں بھارت شامل نہیں ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان بھارتی سامان کی ترسیل کے لئے اپنی سرزمین استعمال کرنے سے منع کرتا رہا ہے تاہم کراچی بندرگاہ سے بھارتی سامان کی افغانستان ترسیل نئی اور اہم پیش رفت ہے۔

مزید خبریں :